1

سوشل میڈیا ویب سائٹس پر پابندی عائد کر دی گئی

سوشل میڈیا ویب سائٹس پر پابندی عائد کر دی گئی

استنبول ( پرائم نیوز) ترکی میں سوشل میڈیا ویب سائٹس ٹوئٹر اور واٹس ایپ تک رسائی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے. غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹر نیٹ مانیٹرنگ گروپ نے کہا ہے کہ ترکی میں سوشل میڈیا سائٹس ٹوئٹر اور واٹس ایپ تک رسائی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، یہ اقدام حال ہی میں کرودوں کے حامی 11 قانون سازوں کی گرفتاری کے بعد اٹھایا گیا ہے، مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ ان ویب سائٹس کو اس طرح سے روکا گیا کہ ناقابل استعمال حد تک ان تک رسائی نا ممکن ہو گئی. قانون سازوں کی گرفتاریوں کے بعد سے صارفین کو فیس بک استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا.

خیال رہے کہ اس سال 15 اگست کو ترک صدر رجب طیب اردگان کی حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے ملک میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران فوج، سول سروس، پولیس اور عدلیہ میں سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو معطل یا فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ 32 ہزار سے زائد افراد کو بغاوت میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار بھی کیا گیا ہے. اس سے پہلے پچھلے ماہ یکم اکتوبر کو ترک حکومت نے 20 ٹیلی وژن اور ریڈیو چینلز کی بندش کے احکامات جاری کیے تھے جن میں بچوں کے پروگرام نشر کرنے والا ایک چینل بھی شامل تھا، ان چینلز پر دہشت گردی پر مبنی پروپیگنڈہ کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے. دوسری طرف بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد ترک صدر رجب طیب اردگان نے ملک میں تین ماہ کیلئے ایمر جنسی نافذ کر دی تھی تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ ایمر جنسی کی مدت میں توسیع چاہتے ہیں. ان کا مزید کہنا ہے کہ فوجی بغاوت کے پیچھے کار فرما عناصر اور کرد شدت پسندوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے حکومت کو مزید وقت درکار ہے.

ترک صدر طیب اردگان کا موقف ہے کہ ایمر جنسی کے نفاذ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوجی بغاوت کے حامیوں کے خلاف کاروائی میں آسانی ہو رہی ہے. ترکی کی طرف سے اس کریک ڈان پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور مغربی اتحادیوں کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے، جو سمجھتے ہیں کہ اردگان ناکام بغاوت کو مشتبہ کردعسکریت پسندوں کے ہمدردوں کے خلاف کاروائی کیلئے استعمال کر رہے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں