1

بغیر کانوں کے مکڑی کیسے سن سکتی ہے؟ جانئے انتہائی دلچسپ معلومات

بغیر کانوں کے مکڑی کیسے سن سکتی ہے؟ جانئے انتہائی دلچسپ معلومات

اتھیکا ( پرائم نیوز) کارنیل یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ مکڑیوں کےکان نہیں ہوتے لیکن پھر بھی وہ دور دور تک کی آوازیں سننے کی صلاحیت رکھتی ہیں. ماہرین نے کہا ہے کہ مکڑیوں میں کانوں کے علاوہ بھی ایسی کوئی چیز نہیں یوتی جو انہیں سننے میں مدد فراہم کرتی ہو لیکن پھر بھی وہ کمرے میں موجود افراد کی ہلکی آوازیں سن سکتی ہیں اور ان پر عمل بھی کر سکتی ہیں.

کارنیل یونیورسٹی میں حشریات ( کیڑے مکوڑوں کے متعلق علم) کے ماہرین چھلانگے لگانے والی مکڑی ( جمپنگ اسپائیڈ) کا مطالعہ کر رہے تھے. یہ مکڑیوں کی سب سے عام قسم ہے جس کی اب تک 5800 سے زائد انواع ( Species) دریافت ہو چکی ہیں. مطالعے کا مقصد مکڑیوں‌ کی اعصابی سرگرمیوں کی نوعیت اور شدت کے بارے میں جاننا تھا جس کیلئے سائنسدانوں نے بڑی جسامت والی چھلانگو مکڑیوں کے سروں پر مختصر لیکن انتہائی حساس آلات نصب کر دیے تھے.

اسی دوران ایک ماہر کو صرف ہلکی آوازوں پر ان مکڑیوں کے اعصاب میں کچھ ہلچل کا پتا چلا، جیسے مکڑیوں نے آواز سن کر رد عمل ظاہر کیا. اس بات کی تصدیق کرنے کیلئے ماہرین نے ان مکڑیوں کو الگ الگ ڈبوں میں بند کر دیا. یہ ڈبے خاص طور پر اس طرح تیار کیے گئے تھے کہ زمین یا دیواروں میں ہونے والی تھر تھراہٹ ان کے اندر داخل نہیں ہو سکتی تھی. پھر انہوں نے مختلف فریکوینسی والی آوازیں ان ڈبوں میں داخل کیں تو وہ یہ بات جان کر حیران رہ گئے کہ مکڑیاں ان آوازوں کو بخوبی سن رہی تھیں.

ان آوازوں کا رد عمل جاننے کیلئے انہوں نے مختلف کیڑے مکوڑوں سے مخصوص آوازیں ان ڈبوں میں‌داخل کیں. کیڑے مکوڑوں کی آوازوں پر ان مکڑیوں کا کوئی خاص ردعمل دیکھنے کو نہیں ملا. لیکن جیسے ہی ڈبوں میں مکڑیوں کا شکار کرنے والی بھڑ جیسی آواز بھیجی گئی جس کی فریکوینسی 80 ہرٹز تھی تو یہ مکڑیاں فوری طور پر ہوشیار ہو گئیں جیسے خود کو حملہ آور بھڑ سے بچانا چاہتی ہوں.

ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی یہ جاننا کافی ہے کہ مکڑیاں کانوں یا کانوں جیسی کسی بھی دوسری چیز کے بغیر کیسے آوازیں سن لیتی ہیں. تاہم انہیں شک ہے کہ شاید وہ اپنی ٹانگوں پر موجود باریک باریک بالوں سے کانوں کا کام لیتی ہیں.مکڑیوں کا تعلق کیڑے مکوڑوں سے نہیں بلکہ جانوروں کیلی سیراٹا (chelicerata) نامی گروہ سے ہے جس میں مکڑیوں کے علاوہ کیکڑے اور بچھو وغیرہ شامل ہیں. اس لیے مکڑی کو مذاقاً کیکڑے کا کزن بھی کہا جاتا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں