1

میرے راولپنڈی پہنچنے سے پہلے کنٹینرز نہ ہٹا ئے گئے تو…! طاہرالقادری نے حکومت کو انتباہ کر دیا

میرے راولپنڈی پہنچنے سے پہلے کنٹینرز نہ ہٹا ئے گئے تو…! طاہرالقادری نے حکومت کو انتباہ کر دیا

لاہور ( پرائم نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے قائد پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری نے وفاقی پنجاب حکومتوں سمیت راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کوالٹی میٹم دیا ہے کہ ان کے راولپنڈی پہنچنے سے پہلے پہلے راستوں سے کنٹینرزہٹا دیے جائیں ورنہ تمام تر حالات کے ذمہ دار وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف ہوں گے. یہ الٹی میٹم انہوں نے لاہور سے راولپنڈی روانہ ہونےسے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیا. ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ میں ہمارے دھرنے اور احتجاج کی جگہ ہے مگر انتظامیہ نے لیاقت باغ کے ارد گرد 2 سے 3 میل کے اند شہر کی سڑکیں بند کر دی ہیں جبکہ ہمارا مارچ قصاص اور پاکستان کی سالمیت کیلئے ہے.

آصف علی زرداری کے دور حکومت میں آپ نے بھی مارچ منعقد کئے لیکن اس وقت کنٹینرز نہیں لگائے گئے تھے. ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی ہمارے مارچ اور دھرنے ہوئے ایک پتا بھی نہیں ٹوٹا. آخر آج کیا تبدیلی آئی ہے کہ شہر کو بلاک کر دیا گیا ہے. شہر کا پورا محاصرہ کر دیا گیا. انہوں نے کہا کہ میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتا ہوں مگر جمعہ کی رات 12 بجے میں نے فیصلہ کیا کہ راولپنڈی قصاص ریلی میں ذاتی طور پر جا کر شرکت کروں. انہو‌ں نے کہا کہ آج کا مارچ احتجاجی پروگرام کے پہلے مرحلے کا آخری مارچ ہے جس میں میں اگلے مرحلے کا اعلان کروں گا. میں آج کے مارچ میں پانامہ لیکس کے کرداروں پر بات چیت کرنا چاہتا ہوں. مجھے پاکستان کی سالمیت پر بات کرنی ہے. اس لئے پوری قوم اور دنیا جانتی ہے کہ میری آمد پر کیا ہو گا. بہتر یہی ہے کہ راولپنڈی سے کنٹینرز کو ہٹا دیا جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں